(خالد چوہدری) جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملکی معیشت کو ٹریک پر لانا الیکشن سے زیادہ اہم قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابات اس وقت ضروری نہیں بلکہ ملک کی معیشت بہتر ہونا ضروری ہے، ہم ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات جنوری کے آخر میں ہونے کا جو کہا جا رہا ہے اس میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال الیکشن کیلئے ہی جدوجہد کی ہے، کسی نے بھی میرے کہنے سے نااہل نہیں ہونا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کاموں سے ثابت کیا کہ وہ نااہل ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائی، مریم نواز
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے مسائل ابھی عدالت میں ہیں، جو بھی ملک میں اس وقت صورت حال ہے اس کی ذمہ دار تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین خود ہیں۔ نگراں حکومت سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں نگراں حکومت والا فلسفہ ہی غلط ہے، میں نگراں حکومت کو کچھ نہیں سمجھتا اس میں نگراں کوئی اور ہوتا ہے۔ ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات سے متعلق جے یو آئی کے سربراہ نے کہا موجودہ دہشتگردی سے دنیا میں پیغام جائے گا کہ پاکستان پرامن ملک نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد وطن واپسی کیلئے تیار ہیں، ایسے میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو نواز شریف کو خوش آمدید کہنا چاہیئے۔