(راؤ دلشاد) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو نکالا گیا تو ملک سے سکون، ترقی اورخوشیاں چھن گئیں، نواز شریف کو کئی بار نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہمیشہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاون میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے عوام کو 21 اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کیلئے مینار پاکستان پہنچنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سب کچھ سستا تھا اور عوام بجلی و گیس کے بل بآسانی دے پاتے تھے لیکن نواز شریف کو نکالا گیا تو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور سکون سب کچھ چھن گیا۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے۔
مریم نواز نے نواز شریف کو اقتدار سے بے دخل کرنے والوں کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نواز شریف سے وہ سب کچھ چھیننے والے آج عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں لیکن جس کو انہوں نے عبرت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی، اس نواز شریف کا استقبال پورا پاکستان کررہا ہے نواز شریف کو ہٹا ہر ملکی ترقی چھیننے والا ہر کردار آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے سیاسی انتقام، جھوٹے مقدمات، جیلیں اور سزائیں سہیں لیکن اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا۔ آج نواز شریف کی والدہ اور اہلیہ اس دنیا میں موجود نہیں اور نواز شریف کے ذاتی نقصانات کا کوئی ازالہ نہیں ہو سکتا لیکن نواز شریف عوام کی خاطر سب کچھ بھلا کر واپس آ رہے ہیں۔