جھوٹ بولنا،سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے: عظمیٰ بخاری

بشریٰ بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا یخنی پلاؤ، مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں ہے

Oct 01, 2024 | 13:50:PM

(24نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بیر سٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ روزانہ خبروں میں رہنے کا یہ بہت بھونڈا طریقہ ہے، بشریٰ بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا یخنی پلاؤ، مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں، مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ان کے شوہر کی طرح بی کلاس کی سہولیات دی گئی ہیں، مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بشریٰ بی بی ان سب سے محفوظ ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کے وکلا نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا:بلاول بھٹو

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل اور نیب کے عقوبت خانے میں جن حالات میں رکھا گیا یہ سب بشریٰ بی بی کی خواہش پر تھا، مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کرلیں لیکن کبھی عورت کارڈ استعمال نہیں کیا تھا، بشریٰ بی بی توشہ خانہ کے تحائف چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کی بندر بانٹ کرنے کے جرائم میں جیل میں قید ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان دونوں میاں بیوی کو جیل میں جو سہولیات میسر ہیں ایک عام شہری اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی وی آئی پی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں،آپ اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لیے روز اپنی گندی زبان سے مریم نواز کا نام مت لیا کریں۔ 

مزیدخبریں