(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن جب سمجھے گی کہ میاں نواز شریف واپس آئیں تو وہ ضرور آئیں گے اور اپنی جماعت کو لیڈ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نا اہل اور زبردستی مسلط کردہ حکومت ہے ، گزشتہ تین سال میں کسی نے سنا کہ آٹا یا چینی سستی ہوئی ہو ، اس حکومت میں احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے ، اس حکومت کے انتقام کے سامنے پیش ہونا کوئی عقلمندی نہیں ہے ، ان سے بات تک نہیں ہو سکتی ، مفاہمت تو دور کی بات ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومتوں کی کارکردگی اچھی اور بری ہوتی ہے مگر نا اہلوں کی کارکردگی ہوتی ہی نہیں ، اس کو کارکردگی نہیں بربادی کہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ الیکشن جیتنے کیلئے جو بھی ان کے راستے میں آرہا ہے اسے ہٹانا چاہتی ہے ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میڈیا ریگولیٹری بل میڈیا کی زباں بندی کا ہی تسلسل ہے، نالائقی اور نااہلی کے انبار لگے ہیں، آپ ان کو نہیں چھپا سکتے، ملکی تاریخ میں اتنی نااہل اور نالائق حکومت نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ میرا ایک ہی بیٹا ہے اس کے نکاح میں نہیں جاسکی، ناجائز اور مسلط حکومت کا احتساب احتساب نہیں انتقام ہے، اس حکومت اور اس کے انتقام کے سامنے پیش ہوناعقلمندی نہیں۔
نون لیگ کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اپنے اوپر واجب قرض سے زیادہ ادا کرکے گئے ہیں، مسلم لیگ نون جب بہتر سمجھے گی میاں صاحب واپس آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کو آج سے پٹرول نہیں ملے گا