(ویب ڈیسک)آئی ایم ایف سے گرانٹ ملنے کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کی مدد کو آگیا ۔
اے ڈی بی نے پاکستان میں تباہ کن سیلابوں کی روشنی میں امدادی اور بحالی کے اقدامات میں مدد کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق خوراک اور آلات کی شکل میں مزید بین الاقوامی امداد خاص طور پر ترکی اور چین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فراہم کردی گئی ہے۔
اے پی پی کے مطابق امدادی سامان اور آلات کی 16 کھیپیں پہنچائی جا چکی ہیں۔ترکی نے 600 فیملی ٹینٹ، ایک ہزار 8 خوراک کے پیکٹس، ایک ہزار صحت و صفائی کے ڈبے، 395 کلو گرام بچوں کی خوراک، 2 ہزار کمبل، 432 کوکنگ کٹس، ایک ہزار 440 تکیے، ایک ہزار 296 گدے اور 49 ہزار میڈیکل کٹس سے لدے طیارے بھیجے ہیں۔
ضرور پڑھیں :سیلاب کی تباہ کاریاں،34 میں سے 32اضلاع آفت زدہ قرار
متحدہ عرب امارات نے پانچ سی-130 طیاروں میں چاول اور دال سمیت 90 ہزار 450 پاؤنڈ کھانے کی اشیا فراہم کی ہیں۔اس کے علاوہ اس نے خیمے اور حفظان صحت کی کٹس بھی بھیجیں جبکہ چین کی جانب سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے 3 ہزار خیمے لے کر چار Y-20 طیارے بھیجے گئے۔
وسطی اور مغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی ژوکوف نے کہا کہ اے ڈی بی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم اس قدرتی آفت کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے حکومت اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔