(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں روز بروز کمی ہورہی ہے جبکہ پاکستان میں پٹرول سستا کرنے کے بجائے حکومت نے مزید مہنگا کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ، پیٹرول 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 99 پیسے فی لیٹربڑھا دی گئی ۔حکومت نے مٹی کا تیل 10 روپے 92 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 9 روپے 79 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ۔
حکومت کی جانب سے پٹرول مہنگا کرنے کے بڑی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے پٹرول پر لیوی بڑھا دی ۔پیٹرول پر لیوی میں 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔پٹرول پر پہلے لیوی 20 روپے تھی جو بڑھا کر 37 روپے 50 پیسے فی لیٹر کر دی گئی جبکہ پٹرول کی بجائے ڈیز ل پر لیوی میں کمی کی گئی ہے ۔
حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 10 روپے سے کم کر کے 7 روپے 50 پیسے فی لیٹر کر دی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر لیوی 10 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے اور ہائی آکٹین پر لیوی 30 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل پر لیوی اس لئے کم کی گئی کیوں کہ ڈیزل پر چلنے والی گاڑیاں سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں اور اگر ڈیزل پر بھی لیوی میں اضافہ کیا جاتا تو سیلاب متاثرین کیلئے جاری امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا ۔ حکومت نے ڈیزل میں لیوی کم کرکے دراصل سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں میں مصروف کارکنوں کو ریلیف فراہم کیا ۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر