(24نیوز)پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے برطانوی حکومت نے امداد میں اضافہ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے برطانیہ مزید ڈیڑھ کروڑ پاونڈ امداد دے گا، خارجہ سیکرٹری لز ٹرس نے سیلاب زدہ پاکستانی علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے برطانوی امداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے
سیلاب زدہ علاقوں پھنسے افراد کو شیلٹر اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لیے برطانیہ ڈیڑھ کروڑ پاونڈ مہیا کرے گا، سیلاب سے اب تک تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر جبکہ گیارہ سو سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ پہلے ہی پندرہ لاکھ پاونڈ فوری امداد کا اعلان کر چکا ہے،ان ڈیڑھ کرور پاونڈ میں سے پچاس لاکھ پاونڈ، ڈیزاسٹر ایمرجنسی کمیٹی کی پاکستان کے لیے کی گئی امدادی اپیل کے تحت دیئے جائیں گے، برطانوی عوام کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات کی مالیت کے برابر رقم ان پچاس لاکھ پاونڈ میں سے کمیٹی کو دی جائے گی۔
ایک کروڑ پاونڈ بین الاقوامی امدادی اداروں کے ذریعے پانی، شیلٹر اور طہارت کی سہولیات کی فراہمی اور خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ یہ امدادی رقم لوگوں کے گھرکی تعمیرومرمت اور روزگارکی بحالی کے لیے بھی خرچ کی جائے گی۔
سیکرٹری خارجہ لز ٹرس نے کہا کہ برطانیہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایک تہائی پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت سیلاب میں گھرے کروڑں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہم ہر ممکن امداد مہیا کریں گے۔ ڈیڑھ کروڑ پاونڈ کا یہ امدادی پیکج بھی ہماری ان کوششوں کا حصہ ہے۔برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی و وسطی ایشیا لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن کا کہنا ہے ماحولیاتی تبدیلی لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔پاکستان کی فوری اور طویل مدتی ضروریات کا اندازہ لگانے کے لیے برطانیہ دن رات پاکستان حکام کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ہم اقوام متحدہ اور ورلڈ بنک سمیت سیلاب میں گھرے افراد کی مدد میں مصروف متعدد بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔پاکستان کو درکار امداد کی فراہمی کے لیے ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پٹرول سستا ہونے کے بجائے مہنگا کیوں ہوا ؟؟
برطانیہ نے سیلاب متاثرین کی امداد بڑھا دی
Sep 01, 2022 | 18:33:PM