(24 نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاک فوج مشکلات پر قابو پانے کیلئے سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،آرمی چیف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات اور تفصیلی بات چیت کی، آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کے نقصان پر انہیں تسلی دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غیرمعمولی قدرتی آفات کے دوران مقامی افراد کے عزم و ہمت کی تعریف کی، آرمی چیف نے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایف سی جنوبی خیبر پختون خوا کے دستے ضرورت کی گھڑی میں صوبے کے بہادر عوام کو بروقت مدد یقینی بنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روجھان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف نے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے متاثرین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پاک فوج مشکلات پر قابو پانے کیلئے سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی، آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ اس ذمے داری کو نیک مقصد کے طور پر لیں، سیلاب متاثرہ بھائیوں، بہنوں کے بوجھ کو کم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری