عمران خان کو ان کے کرتوتوں نے دیوار سے لگایا ، مریم اورنگزیب

Sep 01, 2022 | 23:27:PM

(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کاکہناہے کہ عمران خان کو ان کے کرتوتوں نے دیوار سے لگایا ہے، بیورو کریسی کو دھمکیاں دینا عمران خان کا شیوہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم نے سندھ کیلئے 15 ارب، بلوچستان اور کے پی کیلئے 10 ارب کی امداد دی،ان کاکہناتھا کہ جہاں 25 فیصد بارش متوقع تھی وہاں 400 فیصد بارش ہوئی، زمینی رابطے کٹ جانے کے باعث ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد پہنچائی جا رہی ہے، سیلاب متاثرین کو 25 ہزار روپے فی خاندان دیئے جا رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو امداد بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جارہی ہے، چھ لاکھ خاندانوں میں 15 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبا کو بھی خصوصی پیکیج دے رہی ہے، تعلیمی اداروں میں فنڈ ریزنگ کاآغاز کرنے جا رہے ہیں، وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کی ہدایات جاری کردی،متاثرہ علاقوں میں سرگرم اداروں اور افواج پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ سیلاب متاثرین کیلئے امداد دینے والے ملکوں اور عالمی اداروں کے مشکور ہیں ، وزیراعظم ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں، مشکل کی گھڑی میں قوم دیکھ رہی ہے کون مدد اور کون سیاست کررہا ہے،ان کاکہناتھا کہ عمران خان نے چار سال تک معیشت کو تباہ کیا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عمران خان کی حکومت ہے، عمران خان کو چاہئے سیاست کی بجائے متاثرین کی مدد کریں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان چار سال تک کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے تو اب بس کردیں، عمران خان نے پہلی بار سچ بولا کہ وہ خطرناک ہیں ،ان کا کہناتھا کہ جن کو عمران خان ڈاکو کہہ رہے تھے وہ پاکستان کی خدمت کررہے ہیں، عمران خان کو ان کے کرتوتوں نے دیوار سے لگایا ہے، بیورو کریسی کو دھمکیاں دینا عمران خان کا شیوہ ہے، آئی ایم ایف کو خط لکھوانا کیا ملک دشمنی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس ، ایف آئی اے نے تمام کھاتوں کی تفصیلات حاصل کرلیں

مزیدخبریں