"اپنی چھت، اپنا گھر" پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا پراجیکٹ ہوگا:مریم نواز
پنجاب میں کم قیمت کے ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکاہے، ہر سال اس کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کم آمدن والے لوگوں کے اپنی چھت کے خواب کو پورا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے "اخوت" کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا جبکہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کم قیمت کے ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکاہے، ہر سال اس کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پراجیکٹ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت،اپنا گھر" پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور پر کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے،عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے، پراجیکٹ کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ انقلابی ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجراء سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے، یہ پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کیلئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا،بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام میں تین پلانز کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں،دیہات میں 10مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں،سکیم کے تحت تقریباً 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں رقم کی واپسی ہو گی جس پر کوئی سود نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4 منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے، فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے، نجی ہاؤسنگ سکیموں میں تین سے پانچ مرلہ تک کے گھربنا کر دیئے جائیں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کیلئے 10لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی، نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں درخواست دہندہ پانچ سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا ۔
اس موقع پر بانی اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مریم نواز کا جذبہ قابل تحسین ہے۔