بھارت: درسی کتاب میں نبی کریم ﷺ کی خیالی تصویر شائع کرنے پر  مسلمانوں میں سخت غم و غصہ

Apr 02, 2021 | 11:01:AM

(24 نیوز)بھارت میں درجہ چہارم کی سوشل سائنس کی کتاب میں نبی کریم ﷺ کی خیالی تصویر شائع کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق بھارت میں نئے تعلیمی سال کے درجہ چہارم کے کورس میں شامل سوشل سائنس کی کتاب کے صفحہ نمبر 89 پر نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی خیالی تصویر شائع کی گئی ہے۔ ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس سلسلہ میں اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں پر امن اور آئینی طریقہ سے دباؤ بنایا جائے کہ وہ مذکورہ کتاب کو نصاب میں شامل نہ کریں۔ مہتمم دار العلوم نے بھارتی حکومت سے پبلشر اور مصنف کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کتاب پر فوری پابندی عائد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ قصداً انجان بن کر اس طرح کے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کو فوراً واپس لیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کی جائے۔اس کتاب کو ودیا پرکاشن مندر نے شائع کیا ہے اور اس کے مصنف رینو وشنوی ہے ۔انہوں نے کہا بھارت کی حکومت و انتظامیہ کو اس بات کا نوٹس لینا چاہئے کہ اس طرح کی حرکتوں کے پس پشت اصل منشا کیا ہے۔مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی تصویر نہیں ہے اور اسلام میں روز اول سے ہی تصویر کشی کو سخت حرام قرار دیا گیا لیکن مذکورہ کتاب کے پبلشر اور مصنف نے خیالی تصویر بنا کر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں اور بھارت کے انصاف پسند عوام سے اپیل کی ہے وہ امن وامان کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں پر دباؤ بنائیں کہ اس کتاب کو نصاب میں شامل نہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:  بھارت:ریاستی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مغربی بنگال میں 82.8 فیصد آسام میں 77.21 فیصد ووٹنگ 

 

مزیدخبریں