ایمرجنسی لگانے کا بہانہ تلاش کریں۔ وزیراعظم کی ساتھیوں کو ہدایت

Apr 02, 2022 | 17:35:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کیلئے  کیبنٹ اور دیگر ساتھیوں سے مدد مانگ لی۔

 تفصیلات کے مطابق کچن کیبنٹ سے تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق ہوئی حتمی مشاورت کے دوران ووٹنگ ٹالنے کے لیے دی گئی تجاویز سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ اسپیکر کسی نہ کسی بہانے اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ملتوی کرے، اسپیکر یا تو ووٹنگ کے دوران گنتی درست نہ کرے یا کوئی بہانہ بنائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منحرف ارکان کے گھر جا کر ان کے خلاف نعرے لگائے جائیں اور دباؤ ڈالا جائے۔

 آئینی اداروں پر پی ٹی آئی کی حمایت کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔حکومت کے خلاف سازش کرنے والوں پر آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے۔

 اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل اور اسپیکر سے زبردستی مطالبہ کیا، تاہم اٹارنی جنرل اور اسپیکر نے کوئی بھی غیر قانونی قدم اٹھانے کی مخالفت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے ایسی کوئی وجہ یا بہانہ بنائیں تاکہ ہمیں وقت مل جائے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھی تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے لیے اعتماد کا ووٹ جلد نہیں ہونا چاہیے، اس میں حتی الامکان تاخیر کی جائے، اگلا اسمبلی اجلاس عدم اعتماد کے ایک ماہ بعد بلایا جائے، صدر نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب تک مجھے ہی کام جاری رکھنے کی ہدایت کریں۔

یہ بھی پڑھیں:ترین گروپ نے حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا

مزیدخبریں