پی ٹی آئی، ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس، ن لیگ، چھینہ اور ترین گروپ ارکان کی شرکت

Apr 02, 2022 | 23:27:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق)کے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ(ن)، چھینہ گروپ اور ترین گروپ کے ارکان پنجاب اسمبلی کی شرکت ،رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری بھی واپس آگئے اور چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق)کے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس ہوا،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، وفاقی وزیر شفقت محمود، سینٹر اعجاز چودھری، سابق صوبائی وزرا اور ارکان پنجاب اسمبلی کی بڑی تعداد شریک ہوئی،اجلاس میں مسلم لیگ(ن)، چھینہ گروپ اور ترین گروپ کے ارکان پنجاب اسمبلی بھی شریک ہوئے ۔رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری بھی واپس آگئے اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
پارلیمانی پارٹی نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی صوبے کے عوام کے لئے خدمات کو سراہااورنامزد وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو کامیاب کرانے کے عزم کااعادہ کیا۔عثمان بزدار نے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی کو اکثریت سے کامیاب کرائیں گے،ق لیگ کے رہنما کی کا میابی ہم سب کی کامیابی ہے، چودھری پرویز الٰہی کی کامیابی کے لئے دل سے دعا گوہوں،سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی عوام کی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعلیٰ کیلئے نامزد چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ انشا اللہ کامیابی حق کا قدم چومے گی، ہم ایک ہیں اورایک رہیں گے، ملکر آگے بڑھیں گے، نمبر گیم میں واضح سبقت حاصل ہے۔ان کاکہناتھا کہ کل رمضان المبارک کا پہلا روز ہماری فتح کی نوید لے کر آئے گا۔ پنجاب اسمبلی کے کل کے اجلاس میں نامزد وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کی جیت یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر, لندن میں نواز شریف پر حملہ

مزیدخبریں