(24 نیوز) امریکا میں شدید طوفان اور بگولوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کی شب امریکی ریاستوں الینائے، آرکنساس، انڈیانہ اور ٹینیسی میں طوفانی بگولوں کے باعث ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
اس شدید طوفان کے دوران متعدد گھروں سمیت املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دیہی علاقے اور شہر تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آرکنساس میں کم از کم پانچ، الینائے میں چار اور انڈیانہ میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
الینائے کے شہر بلوڈیئر میں ایک مقامی تھیٹر کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 40 افراد زخمی ہوئے جن میں پانچ شدید زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق جس وقت تھیٹر طوفانی بگولے کی زد میں آیا اس وقت کنسرٹ جاری تھا جہاں 260 افراد
موجود تھے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور بجلی کا نظام متاثر ہونے اور طوفان کے باعث درختوں کے گرنے کا خدشہ ہے۔
سات ریاستوں میں 50 سے زیادہ طوفانی بگولے رپورٹ ہوئے ہیں۔
آرکنساس میں 34 ہزار سے زیادہ افراد بجلی کی معطلی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل جنوبی ریاستوں مسی سپی اور الاباما میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی تھی۔ بگولوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے کم از کم 23 افراد ہلاک ہوئے تھے۔