(ویب ڈیسک)رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے،اس میں تمام مسلمان روزہ رکھتے ہیں،روزہ کے حوالے سے مختلف شرعی مسائل بھی ہیں جس کا جاننا ہر روزہ دار کیلئے ضروری ہے۔
حالت سفر میں روزہ کا حکم
سوال:ایک شخص رمضان میں روزے سے تھا کہ اسے سفر پر جانا پڑ گیا۔ اب اگر وہ روزہ توڑ دے تو کیا اس صورت میں کفارہ بھی لازم ہوگا یا صرف قضا روزہ ہی رکھنا ہوگا؟
جواب:رمضان میں دورانِ سفر اگر کوئی شخص روزہ توڑ دے تو وہ صرف اس روزے کے بدلے ایک روزہ قضا کرے گا، اس پر کفارہ لازم نہیں ہوگا۔
کیا حقہ یا سیگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
سوال :روزہ کی حالت میں سگریٹ یا حقہ پینے سے یا پان کھانے سے روزہ ٹوٹ جانے کے متعلق کیا حکم ہے ؟
جواب :روزہ کی حالت میں سگریٹ یا حقہ پینے سے بھی روزہ ٹوٹ جائے گا، اور قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں۔ پان کھانے سے بھی روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضا اور کفارہ لازم ہو گا۔
کوئی شخص روزہ توڑنے پر مجبور کردے تو؟
سوال: کوئی شخص کسی کو رمضان کے مہینہ میں روزہ توڑنے پر مجبور کردے تو اس کے لئے کیا حکم ہے؟
جواب:کسی تندرست مقیم شخص کو کوئی آدمی رمضان کے مہینے میں روزہ توڑنے پر مجبور کرے تو اس صورت میں اس کے لئے گنجائش ہے کہ وہ روزہ توڑ دے لیکن روزہ نہ توڑنا افضل ہے۔ یہاں تک کہ اگر اس نے روزہ نہ توڑا اور اسے قتل کردیا گیا تو اس کو ثواب ملے گا۔