(راجہ جہانگیر انور) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی، جہلم اور اٹک میں بروقت کارروائیاں کر کے ناقص، غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش ضبط کی لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے راولپنڈی، جہلم اور اٹک میں بروقت کارروائیاں کی گئیں اور بڑی تعداد میں ناقص، غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش ضبط کر لیں۔
راولپنڈی ریجن میں کی جانے والی مختلف کارروائیوں کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک پروڈکشن پوائنٹ بند سیل کر دیا اور ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر ایک ڈیری شاپ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز نے ڈپٹی ڈائریکٹر اٹک کے ہمراہ مال روڈ پر کی جانے والی کارروائیوں کے نتیجے میں 700 کلو ناقص گھی، 1170 لیٹر غیر معیاری جوسز ضبط کر لیے جبکہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہےکہ تحویل میں لیے گئے جوسز اور گھی کے نمونوں کو تجزیے کیلئے فوڈ لیب بھجوایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: برائلر گوشت کی قیمت میں اضافہ
دوسری جانب جہلم میں کی جانے والی کارروائی کے دوران 620 لیٹر زائد المیعاد کولڈ ڈرنکس اور غیر معیاری جوسز برآمد کیے گئے اور مختلف اسٹالز پر غیر معیاری جوسز اور کولڈ ڈرنکس فروخت کرنیوالے افراد کیخلاف ایکشن بھی لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہری صحت دشمن عناصر کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر شکایات درج کروا سکتے ہیں