(ویب ڈیسک) یوکرین نے کہا ہے کہ روسی فوجیوں نے کل دونیتسک اور لوہانسک کے بعض شہروں اور آبادیوں پر حملے کئے ہیں۔
یوکرین جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹر کی طرف سے کل جاری کردہ بیان کے مطابق حالیہ ایک دن کے دوران روس، یوکرین پر 2 میزائل اور 25 فضائی حملے کر چکا ہے۔ آج روس نے دونیتسک کے شہر 'درژکیوکا' میں شہری انفراسٹرکچر اور دیگر آبادیوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کئے ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق روسی فوجوں نے لیمان، باہموت، آودییوکا اور مارینکا کی سمتوں میں حملوں میں اضافہ کر دیا ہے اور یوکرینی فوج حالیہ ایک دن کے دوران روسی فوج کے 50 سے زائد حملے پسپا کرچکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ باہموت، آودییوکا اور مارینکا میں شدید جھڑپیں جاری ہیں اور لوہانسک کے شہر کریمینا کے جنوب میں روسی حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔