حکومت سے مزاکرات کا حصہ نہیں بنوں گا: عمران خان

Apr 02, 2023 | 14:46:PM
حکومت سے مزاکرات کا حصہ نہیں بنوں گا: عمران خان
کیپشن: عمران خان (فائل فوٹو)
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سے مزاکرات صرف الیکشن پر ہی ہو سکتے ہیں اور ان مزاکرات کا بھی وہ خود حصہ نہیں بنیں گے۔

ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے ساتھ نہیں بیٹھنا۔ ہماری ٹیم بیٹھے گی۔ لیکن بات صرف الیکشن کی ہے،گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی بڑی بڑی باتیں چھوڑیں، پہلے تو آئیں الیکشن کے اوپر۔ اگر آپ الیکشن ہی نہیں کروا سکتے تو کون سا ڈائیلاگ کرنا ہے کسی سے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ 90 دن میں الیکشن کا ہونا ہے۔اگر نوے دن میں نہیں ہوتے تو پھر اکتوبر میں کیوں ہوں؟ پھر کہیں گے اگلے سال بھی کیوں ہوں؟ پھر تو جو طاقت ور فیصلہ کرے گا وہی ہو گا۔

ضرور پڑھیں :پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی

پی ڈی ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ پر عدم اطمینان کے اظہار پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے کا مطلب ہو گا کہ ملک میں آئین اور قانون ختم ہو گیا۔اس کا مطلب ہے کہ آپ فیصلہ کریں گے کہ کون سی سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننا ہے؟اسی سپریم کورٹ نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا جب ہم نے الیکشن کا اعلان کیا اور شہباز شریف وزیر اعظم بنا، ہم نے تو فیصلہ قبول کیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تب وہ سپریم کورٹ ان کے لیے ٹھیک تھا۔ آج ان کو لگ رہا ہے کہ ان کے خلاف جائے گا، تو یہ سپریم کورٹ کو متنازع بنا رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر سربراہی تین رکنی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔

 حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، بلاول بھٹوزرداری، مریم نواز شریف سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین اور رہنماﺅں نے شرکت کی۔اجلاس نے ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور رہنماؤں نے مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی۔