(ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں بڑا نام رکھنے والی اداکارہ حنا خواجہ بیات زلزلہ متاثرین سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیلئے ترکیہ پہنچ گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ حنا خواجہ بیات ترکیہ اور شام میں آئے حولناک زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہارِ ہمدردی کیلئے ترکیہ پہنچ گئیں ہیں۔ جہاں وہ ترکیہ کے صوبے ہاتے کے مختلف شہروں میں زلزلہ متاثرین کیلئے لگائے گئے کیمپوں میں گئیں۔ اداکارہ زلزلے میں گھر بار اور اپنا سب کچھ لٹا کر ٹینٹ میں زندگی بسر کرنے والے لوگوں سے ہمدری کیلئے رمضان المبارک میں ہی وہاں پہنچ گئی ہیں۔
معروف پاکستانی ادکارہ نے سوشل میڈیا پر خواتین اور بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے لی گئی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ ان کے ہمراہ اچھا وقت گزار رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا میں طوفانی بگولوں سے تباہی، کم از کم 21 افراد ہلاک
اس کے علاوہ پاکستانی اداکارہ نے ترکیہ کے شہر انتاکیا سے تصاویر شیئر کیں اور زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت ہی خوبصورت شہر ہوا کرتا تھا جو اب زلزلے کے باعث تباہ و برباد ہو چکا ہے، بلند و بالا عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، کئی لوگ ملبے کے نیچے زندہ دفن ہو گئے اور متعدد متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ زلزلے کے باعث رہائشی عمارات اس قابل نہیں رہیں کہ ان میں رہائش اختیار کی جا سکے، تاہم سب کو چاہیے کہ ان گھروں کی تعمیر نو کیلئے ساتھ دیں تا کہ یہاں ایک بار پھر نظامِ زندگی معمول پر آ سکے۔
اداکارہ نے شام جاتے ہوئے راستے سے مختلف تصاویر اظہارِ افسوس کے ساتھ شیئر کیں کہ شام کے لوگوں نے پہلے جنگ اور اب زلزلے کی وجہ سے اپنا سب کچھ کھو دیا ہے۔ ان کے پاس اپنے پیاروں کو دفن کرنے کی بھی گنجائش نہیں لیکن اس کے باوجود اللہ کی رحمت اور نعمتوں کا شکر ادا کرتے نہیں تھکتے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بھی ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد کے حالات بتائے۔