بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا،مکمل چیک اپ کا حکم دیاجائے:عمران خان

ہمیں شک ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی کوشش کی گئی ہے مجھے پتہ ہے اس کے پیچھے کون ہے؟اگر بشریٰ بی بی کو کچھ ہوتا ہے تو اس کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہوگی،بانی پی ٹی آئی کا جج سے مکالمہ

Apr 02, 2024 | 15:00:PM
بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا،مکمل چیک اپ کا حکم دیاجائے:عمران خان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر احسن،ارشاد قریشی)اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت ،بانی پی ٹی آئی  کا احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سے مکالمہ .بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کی جلد اور زبان پر نشانات ہی، بشریٰ بی بی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کا حکم دیا جائے ۔ہمیں شک ہے کہ اس کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی ۔بانی پی ٹی آئی نے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے،بشریٰ بی بی کی جلد اور زبان پر نشانات ہیں،بشریٰ بی بی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کا حکم دیا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں شک ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی کوشش کی گئی ہے مجھے پتہ ہے اس کے پیچھے کون ہے؟اگر بشریٰ بی بی کو کچھ ہوتا ہے تو اس کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہوگی،اسٹیبلشمنٹ  کے لوگ بنی گالہ سے اڈیالہ جیل تک سب چیزیں کنٹرول کر رہے ہیں،بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹر سے کروانے کا حکم دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا معائنہ ایک جونیئر ڈاکٹر سے کروایا گیا جس پر ہمیں اعتبار نہیں،بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے پر انکوائری بھی کروائی جائے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت کردی ۔

میرے کھانے میں ہارپک کے تین قطرے ملائے گئے:بشریٰ بی بی 

دوسری جانب بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں بات چیت کرتے ہوئے صرف ایک مخصوص وی لاگر سے علیحدگی میں بات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کے سامنے وی لاگر سے بات نہیں کرنا چاہتی ،جیل انتظامیہ نے علیحدگی میں بات کروانے سے معذرت کر لی، جیل انتظامیہ کی معذرت کے بعد بشریٰ بی بی نے میڈیا کے سامنے ہی بات چیت شروع کی، بشری بی بی صحافیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے وی لاگر سے مخاطب رہیں۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر میں نے جو خان صاحب کی زندگی کو درپیش خطرات پر بات کی میڈیا نے اسے رپورٹ نہیں کیا،میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں،شب معراج کے روز میرے کھانے میں ہارپک(harpic ) کے 3 قطرے ملائے گئے،تحقیق سے پتہ چلا کہ harpic سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے۔

مجھے انکھوں میں سوجن ہو جاتی ہے سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے،کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے،مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ہارپک ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتائوں گی،مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے،پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھیں اب کچھ دیر کے لیے کھول دی جاتی ہیں،پنجابی کہاوت ہے کہ ’بندہ بندے نو کھا جاندا اے‘جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھاتو اس کہاوت کی سمجھ آئی ہے۔


صحافی نے سوال کیاکہ پہلے آپ کی جانب سے بیان آیا کہ شہد میں کچھ ملایا گیا اب کہا جا رہا ہے کہ ہارپک کھانے میں ڈالا گیا؟ جس پر بشریٰ بی بی نے جواب دیا کہ پہلے شہد میں بھی کچھ ملایا گیا تھا اب کھانے میں بھی ہارپک ملایا گیا ،صحافی نے پھر سوال اٹھایا کہ زہر والے معاملے کی انکوائری ہوئی تو آپ کے پاس کیا ثبوت ہے ۔ بشریٰ بی نے جواب دیا کہ میں کہاں سے ثبوت لاؤں۔

بشریٰ بی بی کے رویے پر میڈیا کا بانی پی ٹی آئی سے احتجاج،بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے میڈیا کو کبھی ڈیل نہیں کیا ان کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں۔صحافی بشریٰ بی بی کی باتوں کا برا نہ منائیں۔

یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی گئی ہے۔ نیب کی جانب سے پیش کئے گئے ایک گواہ کا بیان ریکارڈ وکلاء صفائی نے جرح بھی مکمل کرلی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔