(ویب ڈیسک)ہالی ووڈ کی معروف فلم "بیٹ مین فار ایور" اور"ٹاپ گن"میں آئیکونک کردار ادا کرنے والے ویل کلمر 65 برس کی عمر میں چل بسے۔
ویل کلمر طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا شکار تھے اور بالآخر لاس اینجلس میں نمونیا کے باعث چل بسے۔
2014ء میں ویل کلمر کو گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، علاج کے دوران ان کی سرجری ہوئی جس میں ٹریکیوٹومی شامل تھی، جس کے نتیجے میں ان کی آواز مستقل طور پر متاثر ہو گئی، بعدازاں ڈاکٹروں نے انہیں کینسر سے پاک قرار دے دیا تھا۔
ویل کلمر نے 1986ء کی مشہور فلم "ٹاپ گن" میں آئس مین کا کردار ادا کیا، جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا، وہ 1995ء میں فلم "بیٹ مین فار ایور" میں بیٹ مین کے کردار میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے،انہوں نے 1991ء کی فلم "دی ڈورز" میں موسیقار جم موریسن کا کردار بھی نبھایا،تھا۔
یہ بھی پڑھیں:فواد خان کی9سال بعد بالی ووڈمیں انٹری، فلم کا ٹیزر شیئر کر دیا
ویل کلمر نے 2022 میں ٹاپ گن میورک میں اپنی آواز کے مسائل کے باوجود مختصر کردار ادا کیاتھا،انہوں نے بیماری کے دوران بھی ہمت نہیں ہاری اور اپنی جدوجہد کو دستاویزی شکل دی، ان کے بیٹے جیک کلمر نے ایک دستاویزی فلم کے لیے وائس اوور فراہم کیا، لیکن اس کے مکالمے خود ویل کلمر نے تحریر کیے تھے۔
ویل کلمر کی موت کی خبر پر مداح اور ساتھی اداکار گہرے صدمے کا شکار ہیں۔