(24نیوز) پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے 50 اضلاع میں آ ج سے پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا جبکہ خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں 30 جولائی سے پولیو مہم جاری ہے۔پولیو ورکرز کو ماسک اور سینیٹائزر فراہم کر دیئے گئے ہیں۔
نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں ایک لاکھ 79 ہزار پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا لازمی ہیں۔ والدین فرنٹ لائن ورکرز کو خوش آمدید کہیں، والدین 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ پولیو ویکسین ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ رواں سال اسلام آباد میں اب تک پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، والدین معلومات کے لیےٹول فری صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں جبکہ معلومات کے لیے واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 پر پیغام بھیج سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں سندھ کے 22 اضلاع میں 74 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، 22 لاکھ بچوں کا تعلق کراچی سے ہے، پولیو ورکرز عالمی ادارہ صحت کی جاری کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ سندھ میں گزشتہ ایک سال سے کوئی بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، سندھ کے تمام ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا، پولیو کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے ۔