نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن‘ کی چیئرپرسن کا غیرقانونی تقرر ۔۔شہباز شریف کا سپیکر کو احتجاجی خط
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکو’نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن‘ کی چیئرپرسن کی غیرقانونی تقرر پر خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف نے خط میں لکھا ہے کہ چیئرپرسن کے تقرر میں پارلیمانی ضابطوں، روایات، قانون اور جمہوری اقدار کی صریحا خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انتخاب میں اپوزیشن کی امیدوار فوزیہ وقار نے چھ ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ فوزیہ وقار کو ڈاکٹر نفیسہ شاہ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طاہرہ اورنگزیب، شاہدہ اختر علی، نزہت صادق اور عابدہ محمد عظیم نے ووٹ دئیے حکومتی امیدوار کوپانچ ووٹ ملے لیکن کمیٹی کی سربراہ فلک ناز نے خلاف قانون وضابطہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ چیئرپرسن اس وقت ووٹ ڈالنے کی مجاز ہیں جب دونوں امیدواروں کو یکساں ووٹ ملتے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ووٹ کی حرمت کا تحفظ کرنے کے بجائے حکومتی امیدوار کے تقرر کے لئے چیئرپرسن نے انتخابی عمل کی خلاف ورزی کی۔ چیئرپرسن نے خلاف قانون اپنی مرضی سے اجلاس کی کارروائی مرتب کرکے حکومتی امیدوار کو کامیاب قرار دے دیا۔ خلاف قاعدہ وقانون چیئرپرسن کا تقرر انتہائی تشویش کا باعث ہے۔جمہوری نظام میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں، اقلیت کو مسلط نہیں کیاجاتا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ فوزیہ وقار کو انتخاب میں اکثریت کے باوجود عہدے پر مقرر نہیں کیاگیا۔ یہ طرز عمل غیرپارلیمانی ہے جسے کوئی بھی پسند نہیں کرتا ۔ سینٹ اور قومی اسمبلی کی معزز خواتین ارکان یہ معاملہ خط کے ذریعے آپ کے علم میں پہلے ہی لاچکی ہیں۔
خواتین ارکان پارلیمان کی اجلاس کی کارروائی کا متن دینے کی درخواست پر سپیکر آفس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی، خط کے جواب کے ساتھ متعلقہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی کا متن بھی فراہم کیاجائے۔ انتخاب میں اکثریتی ووٹ لینے والی فوزیہ وقار کا قانونی حق ہے کہ انہیں بلاتاخیر چیئرپرسن نوٹیفائی کیاجائے۔
یہ بھی پڑھیں : عدالت نے نذیر چوہان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا