(ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں رواں ماہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر، ابراہیم مراد، ڈاکٹر ناصر جمال، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹریز زراعت، تعمیرات و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، توانائی، صحت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی ریسکیو 1122 اور دیگر حکام نے شرکت کی، سیکرٹری آبپاشی اور تمام کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے رواں ماہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی، اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے محکمہ آبپاشی اور تمام کمشنرز کو جاری فنڈز بروقت استعمال کرنے اور صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کو ممکنہ سیلاب والے علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محکمہ آبپاشی کو ضروری فنڈز جاری کر دئیے ہیں، دریاؤں کے پشتے اور بند پہلے سے مضبوط بنائے جائیں، دریاؤں کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کی حفاظت کیلئے پیشگی انخلاء یقینی بنایا جائے، موسم کی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔