(24نیوز)سابق کپتان نے اس بار سمندر پر سوئمنگ کی ، ساحل سمندر کی صفائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اہلیان کراچی اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق: وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آخر کار کچھ مثبت چیز بھی سامنے آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب نے بڑی محنت سے کام کیا ہے اور اب اسے ایسے ہی صاف رکھنا ہے۔سابق کپتان نے مزید کہا کہ ساحل کی صفائی پر کراچی والوں اور سی بی سی کو مبارکباد دیتا ہوں، اب ہم سب کو بتا اور دکھا سکتے ہیں کہ یہ ہمارا ساحل ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کراچی کے ساحل کی صفائی دیکھ کر خوش ہو گئے اور انہوں نے اس پر کراچی کے شہریوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
وسیم اکرم کئی بار ساحل سمندر پر گندگی کے ڈھیر کی تصاویر والی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر کے افسردگی کے ساتھ کراچی کے عوام اور انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنا چکے ہیں۔سابق کپتان نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایک مرتبہ پھر کراچی کی عوام سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی کے ساحل پر کوڑے دان لگا دیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی سارا کوڑا کوڑے دان سے باہر پھینکا گیا ہے اور پھر سارے کہتے ہیں کہ کراچی بہت گندا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ حکومت کو چھوڑیں پہلے آپ سارے خود تو صاف ہو جاؤ‘۔یہ پورے ساحل کو سی بی سی کے لوگوں نے اتنی مشکلوں سے صاف کیا تھا اور یہ پھر سے گندا ہو گیا ہے، دو تین کوڑے دان پڑے ہیں لیکن مجال ہے کہ آپ لوگ کوڑا دان استعمال کر لیں‘۔تھوڑی سی شرم ہونی چاہیے ہم سب کو، میں یہ دیکھ کر اور بیوی کو یہ دکھا کر شرمندہ ہو گیا کہ یہ ہفتہ پہلے صاف ہوا تھا اور دوبارہ گندا کر دیا گیا ہے‘۔خیال رہے کہ چند روز قبل وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل سی ویو پر گندگی کے حوالے سے آواز اٹھائی تھی۔اس تنقید کے اگلے ہی روز انتظامیہ حرکت میں آ گئی تھی اور سی ویو پر صفائی کا کام شروع کر دیا تھا۔