مذاکرات کامیاب،اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا دھرنا ختم،ریلوے ٹریک بحال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین اور سندھ حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے،مظاہرین کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد بعد رات گئے ریلوے ٹریک بحال ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کی ٹریڈ یونینز اور آفیسرز ایسوسی ایشنز نے ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف جناح گیٹ اسٹیل ملز پر دھرنا دیا تھا جبکہ دیگر ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی تھی۔جس کےباعث ریلوے کا نظام درہم برہم اور ٹرینوں کی آمدورفت کئی گھنٹے تک معطل ہوگئی۔
بعدازاں ریلوے ٹریک کھلنے کے بعد کراچی ایکسپریس بن قاسم سے 15 گھنٹے بعد روانہ ہوئی۔ لانڈھی سے پاکستان ایکسپریس 10 گھنٹے بعد، رحمان بانا اور شاہ حسین 12 گھنٹے بعد روانہ کی گئیں۔ مختلف سٹیشز پر ٹرینیں رکی رہنے کے باعث مسافر خوار ہوتے رہے۔
ملازمین کے دھرنے کے باعث پنجاب واپس آنے والی بارات بھی پھنس گئی۔دلہا، دلہن اور رشتہ داروں کا دن بھر سٹیشن پر پڑاؤ رہا۔ دوسری جانب سٹیل ملازمین کے واجبات کا فائنل سیٹملنٹ پر مبنی سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ انہیں نوکری پر بحال کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیر انتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا جارہا تھا۔