قائد اعظم ٹرافی کے دلچسپ میچ،بلے با ز چھا گئے

Dec 02, 2020 | 22:35:PM

(24نیوز) قائد اعظم ٹرافی کے دلچسپ میچز نیشنل اسٹیڈیم، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیٹ بینک کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جارہے ہیں۔ چھٹے رائونڈ کے پہلے دن کراچی کے تینوں گرائونڈزپر بیٹسمینوں کا راج رہا۔ 
تفصیلات کے مطا بق نیشنل اسٹیڈیم پر شروع ہونے والے میچ کے پہلے روز دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب نے سندھ کے خلاف 5 وکٹ پر 232 رنز بنائے۔عثمان صلاح الدین نے 80 اور علی زریاب نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں جبکہ تابش خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر جاری میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سدرن پنجاب، ناردرن کے خلاف میدان میں اتری اور 285 رنز پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی۔عمر صدیق اور سیف بدر نے چوتھی وکٹ پر 143 رنز کی شراکت نے ٹیم کوسنبھالا دیا، دونوں بیٹسمین بالترتیب 88 اور 81 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔صدف حسین نے 3، منیر ریاض اور سلمان علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پہلے دن کے اختتام پر ناردرن نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنالئے تھے۔ادھر اسٹیٹ بینک کرکٹ گرائونڈ پر خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے خلاف پہلے روز 9 وکٹ پر 292 رنز بنالئے ہیں۔کے پی کی طرف سے کامران غلام نے شاندار سنچری اسکور کی، وہ 130 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ریحان آفریدی نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔بلوچستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 3، عمید آصف اور تاج ولی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

مزیدخبریں