صحافتی دنیا کا بڑا نام عمران اسلم 70 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

Dec 02, 2022 | 09:24:AM

(ویب ڈیسک) صحافتی دنیا کا بڑا نام، جنگ اور جیو گروپ کے صدر عمران اسلم 70 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ عمران اسلم طویل عرصے سے علیل اور مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

 عمران اسلم 1952ء میں مدراس میں پیدا ہوئے، انہوں نے 70ء کی دہائی میں لندن سے تعلیم حاصل کی۔ عمران اسلم جیو لانچ کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے، جیو نیوز، جیو انٹرٹینمنٹ، جیو سُپر ان کی رہنمائی میں شروع ہوئے۔

عمران اسلم کا صحافتی کیریئر بھی شاندار رہا، وہ پاکستان کے ممتاز اخبار دی نیوز کے بانی ممبر بھی تھے۔ عمران اسلم دی نیوز میں بطور چیف نیوز ایڈیٹر اور سینئر ایڈیٹر رہے۔

عمران اسلم نے 60 سے زائد کامیاب ڈرامے لکھے جو اسٹیج اور ٹی وی کی زینت بنے۔

عمران اسلم کے بیٹے تیمور کا کہنا ہے کہ والد کی میت کو پی این ایس شفا کے سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے، ان کی نماز جنازہ کل سہ پہر چار بجے ساؤتھ سٹی اسپتال کے عقب میں مرین اپارٹمنٹس میں ادا کی جائے گی، تدفین ڈیفینس فیز 8 کے قبرستان میں ہوگی۔

مزیدخبریں