سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا

Dec 02, 2022 | 10:32:AM

(امانت گشکوری) سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا۔ عدالت نے سروس ٹربیونل کے خصوصی بنچ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔ وفاقی حکومت کو نوٹس غلام محمود ڈوگر کی اپیل پر جاری کیا گیا۔ سپریم کورٹ آرڈر سے عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی فعال ہوگئی۔

  جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ وکیل عابد زبیری نے موقف اپنایا کہ غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا، سروس ٹربیونل کے دو رکنی بنچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا، ٹربیونل کے دو رکنی بنچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بنچ معطل نہیں کر سکتا۔

وکیل غلام محمود ڈوگر نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتواء تھی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا ٹربیونل کا ایک بنچ دوسرے بنچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے ؟ خصوصی بنچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل ازوقت ہے ساتھ ہی حکم معطل کر دیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ لاہور ہاہیکورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں ؟۔

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ صوبائی حکومت سی سی پی او کو ریلیز نہیں کرنا چاہ رہی۔ عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں