ٹوئٹر اور ایپل کے درمیان تنازع ختم ہوگیا

Dec 02, 2022 | 15:06:PM

(ویب ڈیسک )ایلون مسک نے بتایا ہے کہ ایپل کی جانب سے ٹوئٹر کو ایپ اسٹور سے ہٹانے کے حوالے سے انہیں ہونے والی 'غلط فہمی' دور ہوگئی ہے۔ٹوئٹر کے نئے مالک کی جانب سے گزشتہ دنوں کئی ٹوئٹس میں ایپل پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسمارٹ فون کمپنی نے ٹوئٹر کے لیے اپنے اشتہارات ختم کردیے ہیں اور سوشل نیٹ ورک کو ایپ اسٹور سے باہر نکالنے کی دھمکی دی ہے۔

مگر یکم دسمبر کو اپنے ٹوئٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ وہ ایپل کے ہیڈکوارٹر میں جاکر سی ای او ٹم کک سے ملے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹم کک سے اچھی گفتگو ہوئی ہے اور ایپ اسٹور سے ٹوئٹر کو ہٹانے کے حوالے سے ہونے والی غلطی فہمی کو دور کرلیا گیا ہے۔

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ٹم کک نے واضح کیا کہ ایپل کا ٹوئٹر کو ایپ اسٹور سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کی ملکیت ایلون مسک کے جانے کے بعد سے متعدد کمپنیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اشتہارات کو روک دیا ہے۔ایپل ان کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کی جانب سے ہر سال 10 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کے اشتہارات سوشل میڈیا نیٹ ورک کو دیے جاتے ہیں۔

البتہ ایلون مسک نے یہ واضح نہیں کیا کہ ٹم کک سے ملاقات میں ایپ اسٹور کی 30 فیصد فیس کے معاملے پر بات ہوئی یا نہیں، جس پر انہوں نے گزشتہ دنوں تنقید کی تھی۔

ایپل کی جانب سے ایلون مسک اور ٹم کک کے درمیان ہونے والی ملاقات پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں