(24نیوز)پی ٹی آئی کےبانی رہنما اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹر کسٹ تھی اور نہ ورکرز کو کاغذات جمع کرانے کا موقع دیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحفظات تھے یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہونے جارہی ہے اور آج ثابت کیا گیا پی ٹی آئی میں ورکرز کو کوئی حیثیت نہیں دی جاتی،انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا موقع نہیں دیا گیا جب کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں ووٹر لسٹیں بھی نہیں تھی، یہ پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی ہے، انٹراپارٹی الیکشن میں بنیادی حقوق پامال کئےگئے جوکہ سنگین معاملہ ہے۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی آئی کا آئین تشکیل دیا تھا تاہم آج جمہوریت کے نام پر ایک ناٹک ہوا ہے،چند وکیل بند کمرے میں بیٹھ کر فیصلہ کریں پارٹی کی قیادت کون کرے گا؟ وکلا کی صورت میں کچھ لوگ پی ٹی آئی میں اچانک نمودار ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا وہ جمہوریت کے نام پر فراڈ ہوا، پی ٹی آئی کے آئین میں کیئر ٹیکر کا کوئی لفظ نہیں، پارٹی میں نامور وکلاء ہیں جو آئین و قانون کی بات کرتے ہیں، پہلے بھی پی ٹی آئی ہائی جیک ہوئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کی صورت میں ایک فراڈ ہوا ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں، یہ کیسےالیکشن تھے جس میں بانی ارکان شرکت نہ کر سکے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے آج ہونے والے انٹراپارٹی انتخابات میں عمران خان کے نامزد امیدوار بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔