فٹبال میچ ریفری کامتنازع فیصلہ،سٹیڈیم میدان جنگ بن گیا، 100 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) مغربی افریقی ملک گیانا میں فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں میں تصادم کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گیانا کے دوسرے بڑے شہر انزیریکوری میں فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں میں جھگڑے کا واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال میں جہاں تک آنکھ دیکھ سکتی ہے لاشیں ہی لاشیں پڑی ہیں جبکہ کچھ لاشیں ہال میں بھی پڑی ہیں، مردہ خانہ بھی لاشوں سے بھر گیا ہے۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ 100 کے قریب لاشیں ہسپتال اور مردہ خانے میں پڑی ہیں جبکہ ایک دوسرے ڈاکٹر نے بتایا کہ درجنوں لاشیں ہسپتال لائی گئیں۔
اے ایف پی کے مطابق سوشل میڈیا پر جھگڑے سے متعلق زیر گردش ویڈیوز کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں ان میں سٹیڈیم کے اطراف اور اسٹیڈیم میں لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
ایک عینی شاہد نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ یہ سب اس وقت شروع ہوا جب میچ کے دوران ریفری نے متنازع فیصلہ دیا، ریفری کے فیصلے کے بعد تماشائی گراؤنڈ میں کود پڑے اور پھر جھگڑا شروع ہو گیا۔