پی ٹی آئی احتجاج، گرفتار دو خواتین کا جوڈیشنل ریمانڈ،281 شناخت پریڈ کیلئے جیل منتقل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احتشام کیانی )پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ڈی چوک سے گرفتار دو خواتین کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا جبکہ دیگر 281 ملزمان کو چودہ روز کیلئے شناخت پریڈ پر سینٹرل جیل اڈیالہ بھیج دیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی چوک سے گرفتار دو خواتین سمیت 283 ملزمان کوانسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا،ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا ۔
ملزمان کی جانب سے وکیل انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے،ملزمان کی تھانہ کوہسار کے دو مقدمات، تھانہ کراچی کمپنی، مارگلہ، سیکرٹریٹ اور ترنول میں گرفتاری ڈالی گئی ،اسلام آباد پولیس نے تمام ملزمان کے شناخت پریڈ کی استدعا کی،ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے شناخت پریڈ کی مخالفت کر تے ہوئے کہا کہ ملزمان کو چھ دنوں سے پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے،شناخت پریڈ کے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔
عدالت نے دونوں خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا جبکہ دیگر 281 ملزمان کو 14 روز کیلئے شناخت پریڈ پر سینٹرل جیل اڈیالہ بھیج دیا ہے۔