(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اللہ نہ کرے عوام پر حکومت کا عذاب رہے، میرا نہیں خیال مہنگائی کر کے حکومت پانچ سال پورے کرلے گی ۔تنقید برائے تنقید نہیں کرتے، ہر روز مہنگائی میں اضافے پر تکلیف ہے، لوگ موجودہ حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے اسلام آباد روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ پر تمام پی ڈی ایم جماعتوں کا اتفاق ہے، ن لیگ اور دیگر جماعتیں استعفے دینے پر یقین رکھتی ہیں۔ایک نالائق اور نااہل شخص کو اقتدار میں لایا گیا، وزیر اعظم کی ترجیحات صرف اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے،عوام کو وہ جواب دیتے ہیں جنہیں عوام منتخب کریں، ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر قبضہ مافیا مسلط ہے، حکومتی بے حسی اور نالائقی زیادہ دیر چل نہیں سکتی، آئینی دائرہ کار سے باہر رہ کر کوئی غلط کام ہوگا تو تنقید کریں گے، 4 فروری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا، اس میں لائحہ عمل بنائیں گے، بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد اور ان ہاؤس تبدیلی کی بات کریں گے تو غور کیا جائے گا، اجلاس میں استعفوں کا کیا طریقہ کار ہوگا اس کا فیصلہ کیا جائے گا، لانگ مارچ اور دھرنا کتنے وقت کے لئے ہوگا، یہ بیٹھ کر طے کریں گے۔