(24نیوز)وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت کشمالہ طارق نے کہا ہے کہ خاوند اور بیٹے پر لگنے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
تفصیلا ت کے مطا بق کشمالہ طارق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون اپنا راستہ ضرور بنائے لیکن میڈیا ہم پر بے جا الزامات نہ لگائے۔ ہمارا کوئی قافلہ نہیں تھا، صرف دو گاڑیاں تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ رات سا ڑھے دس بجے کے قریب ٹول پلازہ کراس کیا۔ دو گاڑیوں میں ہم لاہور سے آ رہے تھے ایک میں میرا خاوند اور میں جبکہ دوسری میں میرا بیٹا اور پولیس گارڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم عمومی طور پر سو جاتے ہیں میرے خاوند کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں تھی۔ جب زور سے جھٹکا لگا تو ہم آگے والی سیٹوں پر گر پڑے۔
چار قیمتی جانیں چلی گئیں، میں نے ان کے لیے بہت دعائیں کیں۔ ہم بہت عجیب صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، ہم بھی اللہ کو پیارے ہو سکتے تھے۔انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس ان مائوں کے ساتھ تعزیت کرنے کے الفاظ نہیں ہیں۔ میڈیا ہمارا ٹرائل کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میری وزیراعظم سے التجا ہے کہ وہ ایف ڈبلیو او سے فوٹیج لیں دیکھیں۔ لیکن جو سچ ہے اس پر ضرور ایکشن لیں۔