(24نیوز)ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس ، چاروں صوبوں کے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرانے کا فیصلہ۔
تفصیلا ت کے مطا بق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے جواب عدالت میں جمع کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سپریم کورٹ نے 4 فروری تک بلدیاتی انتخابات پر رپورٹ مانگ رکھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں نے فوری طور پر بلدیاتی الیکشن کرانے سے معذرت کی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ستمبر میں بلدیاتی انتخاب کرانے پر تیار ہیں لیکن بلوچستان اور سندھ نے حلقہ بندیوں کو مردم شماری کے حتمی نتائج سے منسلک کرانے کی شرط پر الیکشن کرانے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔بلوچستان اور سندھ کا موقف ہے کہ مردم شماری کے نتائج تک حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کامعاملہ سندھ اوربلوچستان ہائیکورٹس میں زیرالتواہے۔ اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کی مدت فروری کے وسط میں ختم ہوگی جس پر وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔