(24نیوز)پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا،اس حوالے سےاسلام آباد میں کورونا ویکسین مہم کے آغاز سے متعلق ایک تقریب ہوئی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ویکسین تمام صوبوں میں شفاف طریقے سے تقسیم ہورہی ہے۔کو رونا ویکسین سب سے پہلے طبی عملے کو لگائی جائے گی، دوسرے مرحلے میں ان افراد کو ویکسین دی جائے گی جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین سمیت اپنی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے بہت محنت کی۔
انہوں نے طبی عملے کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کے لئے ویکسین لینا بہت ضروری ہے کیونکہ رسک سب سے زیادہ طبی عملے کے لئے ہے ۔میں تاکید کروں گا کہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں اور خاص طور پر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔جس قدر احتیاط کریں گے اتنا ہی فائدہ ہوگا۔
تقریب میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواہد چوہدری اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویکسین کے سائیڈ افیکٹس کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیاتھا کو ویکسینیشن سے بعض ممالک میں اموات ہوچکی ہیں لہٰذا عوام کو اپنی زمہ داری پر ویکسین لگوانا ہوگی۔