’پیٹرولیم مصنوعات پر مزید ٹیکس لگایا جائے ‘، آئی ایم ایف کا پاکستانی حکومت سے مطالبہ

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی17فیصد کی جائے

Feb 02, 2023 | 00:30:AM
’پیٹرولیم مصنوعات پر مزید ٹیکس لگایا جائے ‘، آئی ایم ایف کا پاکستانی حکومت سے مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان اور  انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف )کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات اسلام آباد میں جاری ہیں ، جس میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی17فیصد کی جائے ۔

ذرائع کے مطابق  عالمی مالیاتی ادارے نے  مذاکرات مین ٹیکس ہدف 7 ہزار 470 ارب سے بڑھا کر 8 ہزار 300 ارب روپے تک لے جانے پر زور دیا ہے ،قرض پروگرام کی بحالی کیلئے تکنیکی سطح پر مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن اور ایف بی آر حکام نے شرکت کی، عالمی مالیاتی ادارے نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں اضافے اور ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا بھی مطالبہ کردیا ہے ۔

ایف بی آر حکام کے مطابق آئی ایم ایف نے پیٹرول پر 17 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ 855 ارب روپے کا ہدف پورا کرنے کیلئے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی بڑھانے پر بھی زور دیا ہے، حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے منی بجٹ لانے کی تجاویز پر کام جاری ہے، جس میں مختلف شعبوں کو سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس کی مد میں حاصل مراعات ختم کرنے، ٹیکسٹائل سمیت ایکسپورٹ سیکٹر کو حاصل 110 ارب روپے کی چھوٹ واپس لینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو 7 ہزار 480 ارب روپے کا سالانہ ہدف پورا کرنے کی یقین دہانی کرادی جبکہ ریونیو بڑھانے کیلئے ممکنہ اضافی ٹیکس اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے 29 جنوری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 250 روپے تک پہنچ چکی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بجلی اور گیس سیکٹر میں 4ہزار ارب سے زائد گردشی قرضے پر قابو پائے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو بجلی پر سبسڈی اور نقصانات میں کمی جبکہ ریکوری بہتر بنانے پر بھی زور دیا ہے، اس دوران بجلی کی قیمت میں ساڑھے سات سے 10 روپے فی یونٹ تک اضافے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے بھی آئی ایم ایف کو ٹیرف میں مرحلہ وار اضافے کی یقین دہانی کرا دی ہےاور نظرثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان بھی تیار کر لیا ہے، وزارت خزانہ حکام کے مطابق بجلی ٹیرف میں مارچ تک 3 روپے فی یونٹ، جب کہ مئی تک مزید 70 پیسےاضافے کی تجویز ہے اور اگست 2023 تک بجلی کی قیمت میں مرحلہ وار 6 روپے فی یونٹ اضافہ ہو سکتا ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اس کے علاوہ ہو گی۔