آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس: فواد حسن فواد کو بری کردیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سمیت دیگر کو بری کردیا گیا۔
لاہور کی احتساب عدالت نے بریت کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے فواد حسن فواد ان کی اہلیہ، بھائی اور ڈاکٹر انجم حسن کو بری کیا۔
فواد حسن فواد سمیت دیگر پر نیب نے 4 ارب 56 سے زائد کا ریفرنس دائر کر رکھا تھا، عدالت نے میرٹ پر بریت کی درخواست منظور کی۔
احتساب عدالت نمبر 6 کی جج عظمی اختر چغتائی نے فیصلہ سنایا جس میں فواد حسن فواد، انکی اہلیہ رباب حسن، بھائی وقار حسن اور ان کی خالہ ڈاکٹر انجم حسن کو بھی بری کردیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق فواد حسن فواد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا الزام ثابت نہیں ہوا جس کے بعد ناکافی شواہد کی بنیاد پر بریت کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست مسترد
اس موقع پر فواد حسن فواد کے وکیل امجد پرویز نے حتمی دلائل دیے، فواد حسن فواد اور ان کے بھائی وقار حسن حاضری کیلئے پیش ہوئے۔
اس سے پہلے فواد حسن فواد کی اہلیہ رباب حسن اور خالہ انجم حسن کو عدالت نے حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا تھا۔
نیب ریفرنس کے مطابق فواد حسن فواد اور انکے اہل خانہ پر 4 ارب 56 کروڑ 51 لاکھ 26 ہزار 9 سو 4 روپے کے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد تھا جسکے جواب میں فواد حسن فواد نیب کے روبرو 3 ارب 47 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار 8 سو 22 روپے کی وضاحت پیش کرسکے۔