ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات قومی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہو ں گے

Feb 02, 2023 | 21:26:PM
  ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات قومی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہو ں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات قومی کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہوں گے، مکی آرتھر نے بولنگ کوچ کیلئے ان کا انتخاب کیا ہے ۔

 تفصیلات کےمطابق یاسر عرفات مکی آرتھر کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں گے، مکی آرتھر کی عدم موجودگی میں یاسر عرفات قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے سربراہ کی خدمات بھی انجام دیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق  پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے مکی آرتھر کی خدمات حاصل کرنے کی ٹھان لی ہے، اگرچہ مکی آرتھر انگلش کاؤنٹی ڈاربی شائر کے ساتھ وابستہ ہیں اور انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری اٹھانےسے انکار کر دیا تھا۔

نجم سیٹھی سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی منتخب ٹیم کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھنے اور چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں،اس حوالے سے نجم سیٹھی نے مکی آرتھر جو اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں، ان کو اختیارات تفویض کیے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کا کوچنگ سٹاف رکھ کر پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے معاملات کو آگے بڑھائیں، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس تناظر میں 54 سال کے مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ کے لیے 40 سال کے یاسر عرفات کا انتخاب کرلیا ہے۔

یاسر عرفات نے حال ہی میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے لیول فور اسپیشلسٹ کوچ کی ڈگری حاصل کی ہے، یاسر عرفات نے گزشتہ کرکٹ بورڈ میں کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم انہیں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے کوئی مؤثر جواب نہیں دیا تھا، راولپنڈی میں 12 مارچ 1982 کو پیدا ہونے والے یاسر عرفات نے فروری 2000 سے ستمبر 2012 تک پاکستان کے لیے 3 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔