فنڈنگ کیس کے باعث عارف علوی کو بھی عہدے سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں، اکبر ایس بابر
Stay tuned with 24 News HD Android App
لاہور ( نیوز ڈیسک ) تحریک انصاف کے بانی رہنما اور الیکشن کمیشن میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کے محرک اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی کو بھی اس مقدمے کے باعث عہدے سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں ۔
24 نیوز کے پروگرام دستک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے اب نہ صرف عمران خان کوپارٹی چیئرمین شپ سے ہٹایا جا سکتا ہے ، ان کی تاحیات نااہلی بھی ہو سکتی ہے بلکہ صدر عارف علوی کو بھی احتساب کے کٹہرے میں لایا جا سکتا ہے۔
عارف علوی کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے لیکن پارلیمنٹ کا اختیار ہے کہ ان کا مواخذہ کر سکے کیونکہ وہ 2009 سے 2013 تک پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل تھے ، اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اس کیس سے جان چھڑانے کیلئے ہر حربہ اختیار کیا کہ انہیں کہیں سے ریلیف مل جائے ، آٹھ برس تک کیس چلا دو سو سے قریب سماعتیں ہوئیں ، بارہ رٹ پٹیشنز عدالتوں میں دائر کی گئیں لیکن ہر عدالت میں عمران خان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔
اکبر ایس بابر نے کہاکہ عمران خان مغربی جمہوریت کی بہت مثالیں دیتے ہیں اب انہیں اخلاقی طور پر پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہو جانا چاہیے ۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار اور صحافی عامر ضیا نے کہا کہ شیخ رشید نے سابق صدر آصف زرداری پر سنگین الزام عائد کیا ہے انہیں اسکے ثبوت بھی پیش کرنے چاہیں اور اگر یہ الزامات غلط ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہونی چاہئے ، انہوں نے سیاست میں بے بنیاد الزام تراشی کی مذمت کی اور کہا کہ جمہوریت میں ہمیشہ فیصلے میز پر ہوتے ہیں ،ایک دوسرے پر الزام تراشی سے سب کا نقصان ہوتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ ٹنل کے قریب ٹریفک حادثے میں 16 افراد جاں بحق