(انوارالحق) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی گئی اور ان کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔
صوابی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا، مگر دھاندلی کے ذریعے شہباز شریف کو مسلط کر دیا گیا، جو صرف 17 نشستوں کا مالک ہے، اسے وزیراعظم بنا کر ملک کے ساتھ سنگین زیادتی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی اس ملک کے حقیقی وزیراعظم ہیں اور ان شاء اللہ دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستانی عوام آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا مینڈیٹ واپس لیں گے، جو ہم سے زبردستی چھینا گیا ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتی نظام کو عملاً ختم کر دیا گیا ہے اور عدلیہ کو محکوم بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد عدلیہ کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی اور ان عدالتوں کو ان ظالموں کے شکنجے سے آزاد کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہماری حکومت آئے گی، 26ویں آئینی ترمیم کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے PECA قانون کے ذریعے آزادی اظہار پر قدغن لگائی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 8 فروری کو PECA ایکٹ کے خلاف بھی آواز بلند کریں گے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہم اپنی صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔