پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند ، موٹر ویز بند،پروازیں منسوخ

Jan 02, 2021 | 09:47:AM
پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند ، موٹر ویز بند،پروازیں منسوخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح سویرے دھند کا راج رہا،جس کے  باعث فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے ،ٹرینیں بھی لیٹ ہوگئیں جبکہ متعدد موٹر ویز کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔گوجرانوالہ میں پک اپ الٹنے سے 6افراد زخمی ہوگئے۔

نئے سال میں شدید سردی کی لہر س نے پنجاب میں نظام زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں،ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اندرون و بیرون ملک12پروازوں کی آمد اور روانگی متاثر ہوئی ہے، ایئرپورٹ سے ایک پرواز کی روانگی منسوخ جبکہ5پروازوں کی روانگی تاخیر کا شکار ہوئی۔اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ آنے والی6پروازوں کی آمد میں تاخیر ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف حدنگاہ20میٹر تک رہ گئی۔

شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری لاہور سے سمندری تک بند کردی گئی جبکہ قومی شاہراہ پر ٹھوکر، چوہنگ، مراکہ اور شام کی بھٹیاں میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ 10میٹر رہ گئی۔ترجمان موٹروے نے ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے شہری ہائی ویز پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

دوسری جانب  گوجرانوالہ میں نوکھر کے قریب دھند کے باعث پک اپ الٹنے سے6 افراد زخمی ہوگئےجنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔