بھارت: سخت ترین سردی میں کسانوں کا احتجاج جاری

Jan 02, 2021 | 10:13:AM

(24 نیوز)بھارت میں ہزاروں احتجاجی کسان نیو دہلی میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔سخت ترین سردی میں بھی وہ اپنے مطالبات منوانے کیلئے کسی بھی صورت میں واپس جانے کو تیار نہیں۔وہ 3 زرعی قوانین کو رد کرانے تک گھر واپس نہ جانے پر اٹل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت اور کسان یونینوں کے درمیان کچھ نکات پر اتفاق رائے ہوا لیکن اصل مسئلہ پر تعطل برقرار ہے۔ چھٹے دور کی بات چیت کے بعد بھارت کے مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا تھا کہ کم ازکم 50 فیصد مسئلہ حل ہوگیا ہے جبکہ باقی مسائل پر 4 جنوری کو پھر بات چیت ہوگی۔بھارتی دارالحکومت کی نئی دہلی کی سرحدوں پر کڑا پہرہ ہے اور متعدد جگہوں پر سینکڑوں پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ سخت ترین سردی میں ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ جمعہ کے دن دہلی میں درجہ حرارت 1.1 ڈگری سیلسیس تھا، جو 15 سال میں ماہ جنوری میں سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ اسی دوران سنگھو بارڈر پر کسانوں کے احتجاج میں گزشتہ چند دن سے عورتوں کی شمولیت بڑھتی جارہی ہے۔ زیادہ سردی کے باعث ایک این جی او نے احتجاج کرنے والے کسانوں کی سہولت کی خاطر ٹائلٹس کے لئے چندہ جمع کرنا شروع کردیا ہے۔

مزیدخبریں