(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے اسمگلنگ میں ملوث عناصرکیخلاف فوری ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے،اسمگلنگ پر قابو پا کر محصولات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت انسداداسمگلنگ سے متعلق اعلیٰ سطحٰی اجلاس ہوا، جس میں وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ،وزیراطلاعات شبلی فراز، مشیرتجارت رزاق داؤد، معاون خصوصی شہزاداکبر، وقارمسعود، کامرس، پیٹرولیم، بحری اموراور داخلہ ڈویژن کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین ایف بی آراوراعلیٰ سول وعسکری حکام بھی شریک ہوئے ۔ صوبائی چیف سیکریٹریز، ایف سی کے پی اور آئی جی بلوچستان نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔
دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں 2094 پیڑول پمپس اسمگلڈ تیل کی فروخت میں ملوث ہیں۔اسمگلڈ تیل کی فروخت سےمعیشت کو 100 سے 150ارب سالانہ نقصان پہنچ رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں شرکا کو ہدایت کی کہ اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، اسمگلنگ میں ملوث عناصرکیخلاف سخت اقدامات لئےجائیں ،انسداد اسمگلنگ اقدامات سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔