(24 نیوز)سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پاکستان تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کے رہنماؤں کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں فنکشنل لیگ نے اپنے خدشات سے پی ٹی آئی کے وفد کو آگاہ کیا۔پاکستان تحریک انصاف نے ملیر اور سانگھڑ کی نشستوں پر حمایت مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے تناظر میں ہونیوالی اس ملاقات میں فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم،ایم پی اے نند کمار گوکلانی جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی،ایم پی اے حلیم عادل شیخ،خرم شیر زمان اور دیگر شامل تھے۔
اس ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ میں 13سالوں سے عوام پر جو ظلم ہورہا ہے اسکے خاتمےکیلئے تمام جماعتوں کو آگے آنا ہوگا،سندھ میں تین نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ،جہاں جس جماعت کا مضبوط امیدوار ہوگا اس کو سپورٹ کی جائے گی۔
سردار عبدالرحیم نے میڈیا کو بتایا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے بات چیت ہوئی عمر کوٹ میں ارباب رحیم جی ڈی اے اور اتحادیوں کے مضبوط امیدوار ہے، میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیے،سانگھڑ اور پی ایس 88 پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر بھی اتحاد کی بات ہوئی ہے، ایم کیو ایم سے بھی مطالبہ کروں گا کہ ضمنی انتخابات پر مضبوط مؤقف رکھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا کہ سندھ میں ترقیاتی کاموں پر جی ڈی کو اعتماد میں لیا جائے گا جو کہ نہیں ہوا،سندھ کے جزائر پر ہمیں سخت خدشات ہیں،ایم کیو ایم بھی وفاقی حکومت کی اتحادی ہے وہ بھی مشترکہ امیدوار لانے کہ لیے ساتھ دے۔
شمیم نقوی نے کہا کہ اتحادیوں کی شکایتیں ختم کی جائیں گے،پی ڈی ایم اتحاد ڈیڈی اور مولانا بچاؤ مہم ہے،سردار رحیم نے کہاپی ڈی ایم والے کوئی بیچ کا راستہ نکالیں۔