پی ڈی ایم کی قیادت کل بہاولپور میں ریلی نکالے گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد کی تحریک کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا،پی ڈی ایم بہاولپور میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی قیادت کل بہاولپور میں ریلی نکالے گی،پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ریلی کی قیادت کرینگے ،مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی ریلی میں شرکت کرینگی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز لیگی ایم پی اے ملک ظہیر اقبال کی رہائشگاہ پر خطاب کریں گی، لیگی ایم پی اے ملک ظہیراقبال کی رہائشگاہ پر مریم نواز کی آمد پر اونٹ قربان کیا جائے گا، قربانی کا اونٹ سپیشل طور پر سجایا گیا ہے، مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے پی ڈی ایم قائدین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بہاولپور میں پی ڈی ایم کی ریلی کی اجازت نہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے ہدایات پر عمل نہ کرنے پر قانونی کاروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ کورونا کی فضا میں اجازت نہیں دی جاسکتی ،پی ڈی ایم انتظامیہ کی اجازت کے بغیر بہاولپور میں ریلی کرے گی ،جلسہ کے انعقاد نہ کرنے بارے مقامی لیڈرز کو نوٹس بھی بھیجے جاچکے ہیں .