کراچی: لاعلاج اور موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

Jan 02, 2021 | 22:22:PM

(24نیوز) محکمہ داخلہ سندھ نے لاعلاج اور موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے آٹھ سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے، یہ قیدی حیدرآباد اور سکھر سینٹرل جیل میں قید ہیں،ابتدائی طور پر ان قیدیوں کو چار ماہ کی رہائی دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سزا یافتہ قیدیوں کے اہلخانہ دو لاکھ کے بانڈ یا شخصی ضمانت جمع کرائیں گے، موذی امراض میں مبتلا سزا یافتہ قیدیوں کی مستقل رہائی میں توسیع کی جاسکے گی۔
واضح رہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نےجیل سے متعلق 125سالہ قدیم قانون کوتبدیل کیا ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے ذہنی مریضوں کو سزائےموت دینے کا کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے، جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں5 پانچ رکنی لارجر بینچ پانچ جنوری کو کیس کی سماعت کریگا، بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل رواں سال انیس اکتوبر کو ذہنی مریضوں کی سزائے موت دینے سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے حکم دیا تھا کہ ایڈووکیٹ حیدر رسول مقامی اور بین الاقوامی آئینی نکات کے بارے میں آگاہ کریں، بتائیں جو بندہ ذہنی معذور ہو کیا اسے پھانسی دی جا سکتی ہے؟۔

مزیدخبریں