مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پوری اپوزیشن متحد ،جلد نااہل حکمرانوں سے قوم کو چھٹکارا دلائینگے، غفور حیدری

Jan 02, 2021 | 22:44:PM
مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پوری اپوزیشن متحد ،جلد نااہل حکمرانوں سے قوم کو چھٹکارا دلائینگے، غفور حیدری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ حکومتی سازشیں ہماری تحریک کا رخ اور کارکن کا نظریہ کسی صورت تبدیل نہیں کرسکتے ،مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پوری اپوزیشن متحد ہے ، ہم بہت جلد ان نااہل اور ناجائز حکمرانوں سے قوم کو چھٹکارا دلا دیں گے۔
 مولانا عبدالغفور حیدری نے علامہ راشد سومرو کے برادر نسبتی کے انتقال پر کراچی میں تعزیت کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن تحریک فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوچکی ہے، حکومتی بوکھلاہٹ اور کردار کشی مہم سے واضح ہے کہ غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، 
ان کاکہنا ہے کہ 21 جنوری کو اہلیان کراچی اسرائیل نامنظور مارچ کے ذریعے فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، ارض فلسطین امت مسلمہ کے عقیدوں کا مرکز ہے،فلسطین انبیا کی مقدس سرزمین اور امت مسلمہ کے عقیدتوں کا مرکز ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما نے کہاکہ حکمران پی ڈی ایم کی تحریک سے حواس باختہ ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں،نیب کو گھر کی لونڈی بناکر حکومت مخالف رہنماؤں کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے، نیب کی جانبداری زبان زد عام ہوچکی ہے جو کہ انتہائی شرمناک عمل ہے، انہوں نے کہاکہ نیب اپنی تمام توانائیاں اپوزیشن لیڈر شپ کی کردار کشی اور تضحیک کیلئے بروئے کار لارہا ہے، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی حالیہ کردار کشی مہم نیب کی اسی سطحی ذہنیت کی عکاسی ہے۔
علامہ راشد سومرو کاکہناتھا کہ کارکنان 21 جنوری کو اسرائیل نامنظور مارچ اور جلسہ عام کی کامیابی کیلئے عوامی مہم کو تیز کریں، گلی گلی ، محلہ محلہ جاکر اسرائیل سے پینگیں بڑھانے والوں کو بے نقاب کریں گے، کشمیرفروش حکمران فلسطین کا قضیہ بھی زمین بوس کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم قبلہ اول کی حرمت کیلئے پاکستانی عوام کو بیدار کرکے فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، جمعیت علما اسلام کی صفوں میں قیادت پر اعتماد کیلئے بھرپور یکجہتی ہے ، کارکنان کا قیادت پر مسلسل اور غیر متزلزل اعتماد ہی جمعیت کی طاقت ہے۔