حلقہ بندیاں نہیں ہوتیں تو کراچی والوں کا حق مارا جائےگا:گورنر سندھ

Jan 02, 2023 | 11:22:AM

(24 نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ  پیپلزپارٹی کو حلقہ بندیوں پر فیصلہ کرنا پڑے گا یہ ان کا وعدہ بھی تھا اور اگر حلقہ بندیاں نہیں ہوتیں تو کراچی والوں کا حق مارا جائےگا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری  نے کہا کہ لاپتا افراد ہماری پارٹی کا بہت بڑا مطالبہ ہے ، پچھلی حکومت کے ساتھ بھی اسی معاملے پر الحاق کیا تھا اور موجودہ حکومت سے بھی یہی امید ہے کہ لاپتا افراد پر ہمیں ناامید نہیں کرے گی۔یہ سچ ہے کہ روشنیوں کا شہر مجرموں کا شہر بنتا جا رہا ہے،  یہاں مسائل ہیں تو ان کے حل بھی موجود ہیں، اختیارات نہ ہونے کا رونا نہیں رونا چاہیے، کراچی میں کئی مسائل ہیں یہ شہر ہمیشہ ماں کا کردار ادا کرتا ہے، کراچی سب کا دوست ہے لیکن کوئی اس کا دوست نہیں، یہ شہر ٹوٹ رہا ہے اس کا تعلیمی نظام، سیوریج، گیس، بجلی اور پانی نہیں ہے،  تمام ارباب اختیار کو کہتا ہوں یہ غور و فکر کا وقت ہے سیاست کا وقت نہیں ہے، اگر معاشی حب کو گود نہ لیا اور بڑے فیصلے نہ کیے تو معاشی عدم استحکام کی ذمہ داری ان ہی پر ہوگی جو صاحب اختیار ہیں۔

ضرور پڑھیں :سابق وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ کس کس کی ویڈیوز آنیوالی ہیں؟

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے ساتھ میرا کوئی ذاتی تعلق یا رابطہ نہیں رہا، الطاف حسین کا معاملہ ریاست کے ساتھ ہے اور  بحیثیت وفاق کے نمائندے کے میں ریاست کے ساتھ ہوں۔خواہش ہے کراچی جاؤں  تو آفاق احمد سے بھی بات کروں، ان سے بھی گزارش کروں گا کہ کراچی اس وقت درد میں ہے، اس کے لوگوں کے دل سڑکوں کی طرح ٹوٹ چکے ہیں ان کو جوڑنا ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ عامر خان ہمارے بڑے ہیں  لیکن جب شہر اور شہریوں کے مفاد میں اجتماعی فیصلے کیے جائیں گے وہاں کسی کی ذاتی رائے کی اہمیت نہیں مگر عامر خان کی رائے کو اہمیت دی جائے گی لیکن خالد مقبول حتمی  فیصلہ کریں گے ۔ پیپلزپارٹی کو حلقہ بندیوں پر فیصلہ کرنا پڑے گا یہ ان کا وعدہ بھی تھا، اس پر ایم کیو ایم کے دوست میرے پاس آئے تھے میں نے بلاول اور آصف زرداری سے بات کی ہے، اگر حلقہ بندیاں نہیں ہوتیں  تو کراچی والوں کا حق مارا جائےگا۔

مزیدخبریں